(ویب ڈیسک ) ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خطے کی تازہ سیکیورٹی صورتحال پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے کسی قسم کی غلطی کی تو آئندہ میدانِ جنگ کا جغرافیہ ایرانی افواج کی طاقت طے کرے گی۔
میزائل سٹی کی رونمائی اور تزویراتی توازن:
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کی جانب سے نئے 'میزائل سٹی' کی رونمائی محض ایک تکنیکی یا دفاعی کامیابی نہیں ہے، بلکہ یہ پورے خطے میں اسٹریٹجک اور تزویراتی توازن (Strategic Balance) کی تبدیلی کی واضح علامت ہے۔
امریکا کو دوٹوک انتباہ :
باقر قالیباف کے بقول ایران اب مزید "نہ جنگ، نہ امن" کی غیر یقینی کیفیت میں نہیں رہے گا، اور تہران کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ واشنگٹن مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ کا راستہ اختیار کرتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے اب کوئی غلطی کی تو میدانِ جنگ کا جغرافیہ ایرانی فوج کی طاقت طے کرے گی، تاہم اگر واشنگٹن ایران کی 7 شرائط تسلیم کر لے تو معاہدے کا دروازہ کھل سکتا ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ کے بیانات پر شدید ردعمل:
ایرانی اسپیکر نے امریکی وزیرِ خزانہ کے حالیہ بیانات اور زبان کو غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے اسے ایرانی طاقت کے سامنے امریکی بے بسی کا اظہار قرار دیا۔
اپنے بیان کے اختتام پر باقر قالیباف نے کہا کہ دھمکیوں کے خوف سے فوجی پناہ گاہوں میں پناہ لینے والوں کو عظیم قوموں کی توہین کرنے کے بجائے خلیجِ فارس میں اپنی ماضی کی ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے۔