ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیاں فی الحال روکنے پر غور شروع کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سینئر مشیروں کو بتایا ہے کہ ایران یا یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے نئی اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو امریکا فی الحال حملے نہیں کرے گا، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی ٹرمپ پر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع نہ کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ اسرائیلی حکام نئی فوجی مہم کے لیے امریکا پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی فوج ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے اور تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ روانہ کیا جا رہا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس جائزوں کے مطابق اقتصادی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی سے ایران پر دباؤ بڑھ رہا ہے، تاہم نئے فضائی حملوں سے تہران کے مذاکراتی مؤقف میں بڑی تبدیلی کا امکان کم ہے۔