بی ٹی ایس گلوکار جیمین بن کر جعل ساز نے 68 سالہ خاتون کو لاکھوں ڈالر کا چونا لگا دیا

بی ٹی ایس گلوکار جیمین بن کر جعل ساز نے 68 سالہ خاتون کو لاکھوں ڈالر کا چونا لگا دیا
کیپشن: بی ٹی ایس گلوکار جیمین بن کر جعل ساز نے 68 سالہ خاتون کو لاکھوں ڈالر کا چونا لگا دیا

ویب ڈیسک: برازیل میں 68 سالہ ریٹائرڈ خاتون آن لائن محبت کے نام پر فراڈ کا شکار ہوگئیں، جعل ساز نے خود کو معروف جنوبی کوریائی میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار جیمین ظاہر کرکے خاتون سے تقریباً 3 لاکھ برازیلی ریئل ہتھیا لیے، جو 52 سے 56 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق خاتون تقریباً چار ماہ تک جعل ساز سے آن لائن رابطے میں رہیں۔ اس دوران ملزم نے محبت بھرے پیغامات کے ذریعے ان کا اعتماد حاصل کیا اور مہنگے تحائف بھیجنے کا وعدہ کیا۔

بعد ازاں جعل ساز نے دعویٰ کیا کہ تحائف برازیل کے کسٹمز حکام نے روک لیے ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے کسٹم ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔ خاتون نے متعدد مرتبہ رقم ادا کی اور اس مقصد کے لیے بینک سے قرض بھی لیا۔

فراڈ کا علم ہونے پر خاتون نے ملزم کا اکاؤنٹ بلاک کرکے پولیس سے رابطہ کیا۔ ساؤ پالو کی سول پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق برازیل میں مشہور شخصیات کی جعلی شناخت کے ذریعے آن لائن فراڈ کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس سے قبل بھی کے پاپ گلوکاروں، کوریائی اداکاروں اور یہاں تک کہ ایلون مسک کے نام سے لوگوں کو دھوکا دیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ بی ٹی ایس نے رواں سال 28، 30 اور 31 اکتوبر کو ساؤ پالو میں تین کنسرٹس کیے تھے، تاہم یہ واضح نہیں کہ جعل سازی کا سلسلہ بینڈ کے دورے سے پہلے شروع ہوا یا بعد میں۔

تاحال اس فراڈ میں بی ٹی ایس کے اصل گلوکار جیمین یا ان کی میوزک ایجنسی کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

Watch Live Public News