ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی آمدن، تنخواہ اور اثاثوں سے متعلق متعدد سوالات سامنے آگئے ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق 2021 سے 2023 کے دوران ان کی آمدن اور اخراجات میں مبینہ تضاد پایا جاتا ہے۔ قابلِ ٹیکس آمدن ظاہر نہ کرنے کے باوجود اخراجات کے لیے رقوم کہاں سے آئیں؟ ان کی آمدن کے ذرائع کیا ہیں؟
مولانا فضل الرحمان کے فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں بھی مبینہ تضاد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سوال اٹھایا گیا ہے کہ تین برس کے دوران ان کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم 8 ہزار 456 روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار 115 روپے کیسے ہوگئی؟ کیا اس رقم کے ذرائع اور بینک اسٹیٹمنٹ موجود ہیں؟
دستاویزات کے مطابق 2024 میں ان کی سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار 65 روپے سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی۔ اس طرح ایک سال میں تنخواہ میں تقریباً 83 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔ تاہم یہ تنخواہ کس ادارے کی جانب سے ادا کی جاتی ہے اور وہاں مولانا کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟
دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں واقع ایک قیمتی مکان کی ملکیت اور رہائش سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نہ اس مکان کے مالک ہیں اور نہ ہی کرایہ دار، تو پھر اس مکان سے ان کا تعلق کیا ہے؟
اگر وہ امان اللہ نامی شخص کے کرایہ دار ہیں تو کرایہ نامہ، کرائے کی ادائیگی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں اس کا اندراج کیوں موجود نہیں؟