ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کے سابق چیف ایگزیکٹیو ٹم کک کو ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کا نیا سربراہ بنانے کی تجویز دے دی۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعویٰ کیا کہ این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ مستعفی ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ ٹم کک ہی موزوں شخصیت ہیں۔ انہوں نے ٹم کک کو ’’لیجنڈ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک لیجنڈ کی جگہ دوسرا لیجنڈ لے گا۔
رپورٹس کے مطابق ٹم کک رواں برس ستمبر میں ایپل کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ چھوڑنے کے بعد کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین بن گئے تھے۔
دوسری جانب جینسن ہوانگ کے مبینہ طور پر ایک ایسی چینی کاروباری خاتون سے تعلقات کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جن پر امریکی حکام کو چین کے لیے جاسوسی کا شبہ ہے۔ ان اطلاعات کے بعد ہوانگ کے استعفے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔
این ویڈیا کے مطابق کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس عبوری چیف ایگزیکٹیو کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جینسن ہوانگ نے ان سے گفتگو میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا کہ ان سے منسلک خاتون مبینہ طور پر جاسوس ہیں۔
جینسن ہوانگ کو ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران انہوں نے امریکی حکومت کے ایجنڈے کی حمایت کی اور چین کو جدید کمپیوٹر چِپس کی فروخت کے معاملے پر بھی واشنگٹن میں سرگرم رہے۔