ویب ڈیسک: امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں 11 ماہ کے بچے کو زندہ دفن کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو 24 گھنٹے بعد بحفاظت زمین سے نکال لیا۔
مقامی پولیس کے مطابق بچے کے والد 25 سالہ مائیکل کومر نے اسے ایک کریٹ میں رکھ کر زمین میں دفن کر دیا تھا۔ کریٹ کے گرد تولیے لپیٹے گئے تھے اور اسے تقریباً ایک فٹ گہرائی میں دبایا گیا تھا۔
پولیس نے بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات کی تلاشی لی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ بھی لیا، تاہم کامیابی نہ مل سکی۔ بعد ازاں سرچ ٹیم کو بچے کے دادا کے گھر کے قریب درختوں میں تازہ کھودی گئی مٹی دکھائی دی۔
پولیس اہلکاروں نے وہاں کھدائی کی تو کریٹ کے اندر سے بچے کے رونے کی آواز سنائی دی۔ بچے کو فوری طور پر باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق بچے کو زمین سے نکالتے ہی اس کے رونے کی آواز سنائی دی، جو اہلکاروں کے لیے انتہائی خوشی کا لمحہ تھا۔
پولیس کے مطابق بچے کو اس کی دادی کی نگرانی میں چھوڑا گیا تھا، جہاں سے اس کا والد اسے لے گیا۔ واقعے سے ایک رات قبل مائیکل کومر کو ڈکیتی اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کے خلاف نئے مقدمات درج کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔