(ویب ڈیسک) ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے بڑی اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) نے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے اعلامیے کے مطابق یہ اہم دریافت سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع ‘بٹرسِم نارتھ ویسٹ ون’ (Bitrism North West-1) نامی کنویں سے ہوئی ہے۔
کمپنی کے ماہرین اور انجینئرز نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لیے 3 ہزار 732 میٹر کی گہرائی تک کھدائی مکمل کی۔
پیداواری حجم اور صلاحیت:
ابتدائی ٹیسٹنگ کے مطابق اس کنویں سے روزانہ 12.8 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی۔اس کے علاوہ کنویں سے یومیہ 175 بیرل کنڈینسیٹ (خام تیل) کی پیداوار بھی متوقع ہے۔
اس دریافت میں او جی ڈی سی ایل کا مجموعی حصہ 95 فیصد ہے، جو کمپنی کی مالی حیثیت اور ہائیڈرو کاربن کے ذخائر کو مزید مستحکم کرے گا۔
خیرپور میں گیس اور کنڈینسیٹ کی نئی دریافت سے کمپنی کے پیداواری ذخائر میں اضافے اور مستقبل کی آمدنی بہتر ہونے کی توقع ہے، جس سے ملک میں گیس کی قلت کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔