(ویب ڈیسک ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نے سندھ میں نئے صوبے کے معاملے پر فل اسٹاپ لگادیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبےکے معاملے پرپیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے اور بار بار سامنے آیا ہے، سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، سندھ کے عوام ہی سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے وفاقی کابینہ میں شامل لوگوں نے شہر میں ایک ٹکےکا کام نہیں کیا، وفاقی حکومت کراچی میں دلچسپی نہیں لیتی، اُس کے نمائندے شہر میں نفرت پھیلانے میں لگے ہیں۔ سیاست دانوں کا کام نہیں کہ لوگوں میں نفرت اور تقسیم پیدا کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کراچی پر توجہ دینی چاہیے، شہر میں وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ حکومت کافرض ہےکہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، بجلی کے بل اتنے بڑھ چکے ہیں کہ عوام کو ادائیگی میں مشکلات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوچ رہا تھا کہ کاش ہم پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کرسکتے،سندھ حکومت کوشش کر رہی ہےکہ لیاری کے عوام کو شمسی توانائی فراہم کرے۔