کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں، بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے

کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں، بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے
کیپشن: کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں، بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے

ویب ڈیسک: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کو اجاگر کرنا ہے۔

27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے سری نگر میں فوجیں اتاریں، جسے کشمیری عوام اور پاکستان کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے آغاز کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ اسی واقعے کے خلاف ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جاتا ہے۔

یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی گئی ہے، جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری بھی ریلیوں اور احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے بھارتی اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

کشمیری برادری اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب، مظفرآباد میں یوم سیاہ کے سلسلے میں شاہراہِ سری نگر پر کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکا ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

Watch Live Public News