معمولی فوجی کارروائی کا جواب بھی کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا، ایرانی پاسدارانِ انقلاب

معمولی فوجی کارروائی کا جواب بھی کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا، ایرانی پاسدارانِ انقلاب

(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (IRGC) نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے خلاف کی جانے والی کسی بھی قسم کی محدود یا معمولی عسکری مہم جوئی کا جواب کئی گنا زیادہ شدت کے ساتھ دیا جائے گا اور ایرانی مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے میڈیا پر جاری دھمکی آمیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے خلاف محض نفسیاتی اور زبانی جنگ چھیڑی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی اور دفاعی حقائق کے تناظر میں دھمکیاں دینے والے ممالک اور قوتیں ایسی کوئی عسکری صلاحیت ہی نہیں رکھتیں کہ وہ ایران کے خلاف مؤثر یا فیصلہ کن کارروائی کر سکیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ دھمکیاں دینے والے اندرونی طور پر بخوبی آگاہ ہیں کہ وہ کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کے ذریعے اپنے مذموم سیاسی یا عسکری اہداف حاصل کرنے میں قطعی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

حسین محبی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماضی کی عسکری غلطیوں اور ناکام تجربات کو دہرانے کی کوشش کی گئی تو اس کا حتمی نتیجہ پہلے سے بھی بدترین شکست کی صورت میں نکلے گا۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی اعلیٰ جنگی تیاری اور پہلے سے طے شدہ جامع عملی منصوبوں کے تحت دشمن کی کسی بھی چھوٹی کارروائی کا جواب بھی غیر معمولی شدت کے ساتھ دیا جائے گا۔

Watch Live Public News