ویب ڈیسک: آئی جی اسلام آباد پولیس نے افسران اور اہلکاروں کے لیے چھٹیوں کی نئی پالیسی منظور کر لی، جس کا اطلاق تمام شعبوں میں فوری طور پر ہوگا۔
پولیس ترجمان کے مطابق نئی پالیسی کے تحت چھٹیوں کی منظوری کے اختیارات مختلف سطح کے افسران کو سونپ دیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل تک 3 دن جبکہ ڈی ایس پی 5 دن تک اتفاقی چھٹی منظور کر سکے گا۔
پالیسی کے تحت مرد اہلکاروں کو شادی پر 10 دن اور خواتین اہلکاروں کو ایک ماہ کی رخصت مل سکے گی، جبکہ حج کے لیے 45 دن اور عمرہ و زیارات کے لیے 21 دن کی چھٹی مقرر کی گئی ہے۔
سی ایس ایس اور پی سی ایس امتحانات کے لیے 20 دن جبکہ انٹرویو کے لیے 15 دن کی رخصت دی جا سکے گی۔ تمام اہلکاروں کو ہفتے میں ایک دن چھٹی ملے گی، جبکہ دور دراز اضلاع میں تعینات اہلکاروں کے لیے بھی خصوصی رخصت کی سہولت رکھی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 10 فیصد اہلکار اتفاقی چھٹی پر جا سکیں گے، جبکہ بیرونِ ملک رخصت (ایکس پاکستان لیو) کے لیے 3 فیصد کی حد مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ چھٹی کی منظوری محکمانہ ضروریات سے مشروط ہوگی اور ضرورت پڑنے پر رخصت مسترد یا منسوخ بھی کی جا سکے گی۔