ملتان: یتیم بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ملتان: یتیم بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
کیپشن: ملتان: یتیم بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ویب ڈیسک: ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کا مرکزی ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں بہاولپور کے قریب ہلاک ہوگیا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق ملزم کو قتل کے مقدمے میں گرفتار کرکے عدالت کے حکم پر 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم وہ دورانِ ریمانڈ فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق بہاولپور کے ناردرن بائی پاس پر دو موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے دوران توقیر نذیر اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

واقعہ کیا تھا؟

ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کو بچے کا تعاقب کرتے اور اس پر گاڑی چڑھاتے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق وسیم عباس ایک این جی او کے یتیم خانے میں مقیم تھا اور اسے الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر نذیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ مبینہ طور پر غیر انسانی رویے سے تنگ آکر بچے نے کام چھوڑنے کی کوشش کی، جس پر اس کا تعاقب کیا گیا اور گاڑی چڑھا دی گئی۔

واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا کی جانب سے ملزم پر تشدد کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

Watch Live Public News