ملتان: کام چھوڑ کر بھاگنے پر 15 سالہ مزدور گاڑی تلے کچل دیا گیا، ایک ملزم گرفتار

ملتان: کام چھوڑ کر بھاگنے پر 15 سالہ مزدور گاڑی تلے کچل دیا گیا، ایک ملزم گرفتار
کیپشن: ملتان: کام چھوڑ کر بھاگنے پر 15 سالہ مزدور گاڑی تلے کچل دیا گیا، ایک ملزم گرفتار

ویب ڈیسک: پنجاب کے ضلع ملتان میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ مزدور وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں لڑکے کو بھاگتے اور گاڑی کو اس کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ گاڑی لڑکے پر چڑھ دوڑی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈی ایچ اے میں قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں توقیر نذیر اور امجد علی کو نامزد کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم توقیر نذیر کا دعویٰ ہے کہ وسیم استاد کی بات نہ مان کر سائٹ سے بھاگ گیا تھا اور اسے روکنے کی کوشش کے دوران گاڑی پھسل گئی۔ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین تفتیش کے بعد ہوگا۔

یتیم خانے کی انتظامیہ کے مطابق وسیم گزشتہ پانچ سال سے وہاں مقیم تھا اور الیکٹریشن کا کام سیکھنا چاہتا تھا۔ وہ گزشتہ چھ روز سے ملزم توقیر کے پاس کام سیکھ رہا تھا۔

وسیم کے اہل خانہ نے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق وسیم کے والد کا نو سال قبل انتقال ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ وسیم عباس کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

Watch Live Public News