فرانس میں پرتشددمظاہروں کے بعد کچھ علاقوں میں جزوی کرفیو کا اعلان

فرانس میں پرتشددمظاہروں کے بعد کچھ علاقوں میں جزوی کرفیو کا اعلان

(ویب ڈیسک) فرانس میں ملک گیر پرتشدد مظاہروں اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے کے لیے وزیرِ اعظم سیبسٹین لیکورنو نے مقامی حکام کو مخصوص اور متاثرہ علاقوں میں آج شام سے ’جزوی کرفیو‘ نافذ کرنے کے باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم سیبسٹین لیکورنو نے کہا کہ حکومت امنِ عامہ کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حالات کے پیشِ نظر ’ہنگامی حالت‘ (State of Emergency) نافذ کرنا ضروری سمجھا گیا تو حکومت اس سے بھی گریز نہیں کرے گی، تاہم موجودہ مرحلے پر جزوی کرفیو کا نفاذ سب سے موزوں اقدام ہے۔

وزیرِ اعظم نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن مخصوص شہروں میں جزوی کرفیو نافذ کیا جائے گا اور اس کی باضابطہ شکل کیا ہوگی۔

البتہ انہوں نے پورے پیرس پر مکمل کرفیو عائد کرنے کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو صرف مقامی اور جزوی بنیادوں پر ہی ہوگا، پورے پیرس کو بند کرنے کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔

اسی پریس بریفنگ میں وزیرِ داخلہ لوران نونیز نے تصدیق کی کہ منگل کی شام پیرس سینٹ جرمین (PSG) اور بارسلونا کے درمیان شیڈول بڑا فٹبال میچ منسوخ نہیں کیا جائے گا اور اس کے لیے سیکیورٹی انتظامات سخت رہیں گے۔

گزشتہ ویک اینڈ پر ہونے والے پرتشدد مظاہروں، جلاؤ گھیراؤ اور دکانوں میں لوٹ مار کے بعد فرانس کے بڑے شہروں کے میئرز نے سیکیورٹی فورسز کی ناقص منصوبہ بندی اور ناقص تیاریوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پرتشدد واقعات ایک ایسے وقت میں رونما ہوئے ہیں جب ملک میں کئی ہفتوں سے جاری طلبہ کے مظاہرے پہلے ہی سڑکوں پر کشیدگی اور تصادم کا باعث بنے ہوئے تھے۔

Watch Live Public News