وزیر خارجہ عمان کی وزیر اعظم سے ملاقات، علاقائی کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا

وزیر خارجہ عمان کی وزیر اعظم سے ملاقات، علاقائی کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف  نے عمان کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہب، جغرافیائی قربت، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پر محیط عوامی روابط دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے آج عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے ملاقات کی۔ وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔

وزیراعظم نے عمان کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہب، جغرافیائی قربت، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پر محیط عوامی روابط دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان عمان کو ایک برادر ملک، اہم بحری ہمسایہ اور خطے میں ایک قابل قدر شراکت دار سمجھتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور عمان کے درمیان مکمل ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی عمان کے اصولی مؤقف کو سراہا۔

عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ 

انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ اس سے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور باہمی مفادات کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔

عمان کے وزیر خارجہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

 اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون، خبروں اور معلومات کے تبادلے، تاریخی دستاویزات کی تیاری اور محفوظ رکھنے، ابلاغیات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور سفارتی و سرکاری سطح پر وفود کے تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

Watch Live Public News