پاکستان ہاکی لیگ کی  لانچنگ تقریب، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام  رانا مشہود کی شرکت

پاکستان ہاکی لیگ کی  لانچنگ تقریب، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام  رانا مشہود کی شرکت

(ویب ڈیسک) چیئرمین   وزیراعظم یوتھ پروگرام   رانا مشہود احمد  کا کہنا ہے کہ وزیراعظم  محمد شہباز شریف چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہاکی کی بحالی ہو۔

پاکستان ہاکی لیگ کا آغاز آئندہ سال لاہور سے ہوگا۔اسلام آباد میں پاکستان ہاکی لیگ کی  لانچنگ تقریب ہوئی۔جس میں چیئرمین   وزیراعظم یوتھ پروگرام   رانا مشہود احمد اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی  نے  شرکت کی۔

اس کے علاوہ اولمپئنز  شہباز سینئر ،شہناز شیخ،  ریحان بٹ،شکیل عباسی ،محمد ثقلین، سمیع اللہ اورخواجہ جنید  نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین  وزیراعظم یوتھ پروگرام  رانا مشہود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم  محمد شہباز شریف چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہاکی کی بحالی ہو، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان 12 سال بعد وکٹری اسٹینڈ پر پہنچا،ابتدا میں پاکستان میں ہاکی کو درپیش مسائل سمجھنے میں دشواری پیش آرہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان ہاکی لیگ آئندہ اولمپکس اور ورلڈ کپ کی بنیاد بنے گی، ہاکی اور فٹ بال پر خصوصی توجہ دینی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے  صدر  محی الدین احمد وانی  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پی ایچ ایف کی صدارت سنبھالی تو مقصد ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات کو مضبوط بنانا تھا، قومی ہاکی ٹیم کو مالی وسائل کی کمی کے مسائل سے نجات دلانا چاہتے تھے،   پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لڑکوں اور لڑکیوں کی جونیئر ٹیموں کو بھی بیرون ملک ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ  گزشتہ دس سال میں پاکستان نے ہاکی ٹورنامنٹس میں اتنی شرکت نہیں کی جتنی گزشتہ ایک سال میں کی، پاکستانی کھلاڑیوں کو یومیہ 110 ڈالرز دیے جا رہے ہیں، پاکستان ہاکی میں ٹیکنالوجی متعارف کرائی اور غیر ملکی کوچز بھی لائے۔

Watch Live Public News