ویب ڈیسک: پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہِ راست گفتگو کی۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کے روز پاکستانی خلاباز سے رابطہ کیا۔ اس خصوصی رابطے کا اہتمام پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے صدر دفتر میں کیا گیا۔
اس رابطے کو پاکستان کے انسانی خلائی مشن کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ملکی سیاسی و عسکری قیادت کو خلا میں موجود پاکستانی خلاباز سے براہِ راست بات چیت کا موقع ملا۔
ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے، جہاں وہ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ دو چینی خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ سائنسی و تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
مشن کے دوران پاکستانی خلاباز مائیکرو گریویٹی یعنی خرد ثقلی ماحول میں مختلف سائنسی تجربات، جدید آلات کی تنصیب اور تجرباتی نمونوں کی جانچ سمیت متعدد تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ان کا یہ خلائی سفر پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔