ویب ڈیسک: اسلام آباد میں مبینہ بے نامی جائیدادوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جعلی شناختی کارڈز پر جائیدادیں بنانے کے معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے، جبکہ افغان شہری امان اللہ کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کی مبینہ جائیدادیں سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے احکامات پر گلبرگ گرینز اور جی سکس فور میں واقع جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ نادرا نے امان اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کرتے ہوئے اسے غیر ملکی شہری قرار دے دیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ان جائیدادوں کے اصل مالکان اور استعمال کنندگان کی نشاندہی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کے قریبی رشتہ داروں کو مبینہ طور پر تین گھنٹے کے اندر مکان خالی کرنے کا نوٹس جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق خبریں بے بنیاد قرار دی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا اسجد محمود خود تھانے میں موجود ہیں، تاہم پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جے یو آئی کی جانب سے ان کی گرفتاری سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ فراڈ اور بے نامی جائیدادوں کے نیٹ ورک کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس معاملے میں مزید افراد کے نام اور جائیدادوں کی تفصیلات بھی جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔