مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود کی سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی

 مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود کی سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی
کیپشن:  مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود کی سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ایف سی اور پولیس سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر گزشتہ شب ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ ان کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی بھی ختم کر دی گئی۔

اسی طرح مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لینے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس روانہ ہونے کی ہدایت کی گئی۔

سیکیورٹی برانچ کے مطابق گزشتہ رات پولیس سیکیورٹی ختم کر دی گئی تھی، جبکہ آج صبح ضلعی پولیس نے بھی دونوں رہنماؤں کے ساتھ تعینات اہلکار واپس بلا لیے۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) نے سیکیورٹی واپس لینے کے حکومتی اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پارٹی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ ایک طرف قیادت کو تھریٹ لیٹر جاری کیے جا رہے ہیں اور دوسری طرف سیکیورٹی واپس لی جا رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور بلااشتعال کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت کو قانون کی حدود میں رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے وکلا اور کارکنوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کی۔

جے یو آئی ترجمان نے کارکنوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت احتجاجی کال دی جا سکتی ہے۔

 

Watch Live Public News