دنیا کا وہ  قصبہ جہاں 18 نومبر کو غروب ہونے والا سورج  2 ماہ تک طلوع نہیں ہوگا

دنیا کا وہ  قصبہ جہاں 18 نومبر کو غروب ہونے والا سورج  2 ماہ تک طلوع نہیں ہوگا

(ویب ڈیسک ) امریکی ریاست الاسکا کے انتہائی شمال میں واقع قصبے اُٹکیاگوِک (Utqiagvik) میں رواں ہفتے 18 نومبر کو جب سورج غروب ہوگا تو پھر مسلسل 65 دن یعنی دو ماہ سے زائد عرصے تک دوبارہ طلوع نہیں ہوگا۔

2026ء میں مقامی وقت کے مطابق 18 نومبر کی دوپہر 1 بج کر 42 منٹ  پر اس قصبے میں رواں سال کا آخری غروبِ آفتاب ہوگا، جس کے بعد اگلے برس 22 جنوری 2027 کی دوپہر تک سورج طلوع نہیں ہوگا۔

اس دوران قصبے کے مکین پورے 65 دن تک سورج طلوع ہونے کا منظر نہیں دیکھ سکیں گے، تاہم ان تاریک ہفتوں میں بھی دوپہر کے وقت جنوبی افق پر ہلکی سی روشنی ضرور دکھائی دے گی۔

مزید دلچسپ امر یہ ہے کہ جب 23 جنوری کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے سورج دوبارہ طلوع ہوگا تو وہ محض ایک گھنٹے بعد ہی دوبارہ غروب ہو جائے گا۔

قطبی رات اور مڈنائٹ سن:

ماہرینِ فلکیات کے مطابق آرکٹک سرکل (Arctic Circle) میں واقع اس قصبے کو ہر سال ' قطبی رات' (Polar Night) کا تجربہ اس وقت ہوتا ہے جب زمین اپنے محور پر جھکاؤ کے باعث سورج سے دور ہو جاتی ہے اور موسمِ سرما میں کئی ہفتوں تک سورج افق سے نیچے رہتا ہے۔

اس کے برعکس موسمِ گرما میں اسی خطے میں سورج کی روشنی پورے 24 گھنٹے برقرار رہتی ہے، جسے ' مڈنائٹ سن' (Midnight Sun) کہا جاتا ہے۔ شمالی نصف کرے میں جون کے آخر سے دن چھوٹے ہونا شروع ہوتے ہیں، مگر انتہائی شمالی خطوں میں ستمبر تک دن کا دورانیہ بے حد مختصر ہو جاتا ہے۔

سڑک سے محروم قصبہ اور 4,300 مکینوں کی زندگی:

الاسکا کا یہ قصبہ آرکٹک سرکل سے تقریباً 320 میل شمال میں واقع ہے اور حیران کن طور پر کوئی بھی مستقل سڑک اسے الاسکا کے دیگر حصوں سے نہیں ملاتی، جس کے باعث یہاں آمدورفت صرف ہوائی جہازوں کے ذریعے ممکن ہے۔

قصبے میں تقریباً 4,300 افراد مقیم ہیں جو اب دو ماہ سے زائد طویل تاریکی کے ساتھ ساتھ شدید برفانی سردی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Watch Live Public News