12 اگست کا مکمل سورج گرہن منفرد کیوں ہوگا ؟ جانیئے

12 اگست کا مکمل سورج گرہن منفرد کیوں ہوگا ؟ جانیئے

(ویب ڈیسک)دو سال بعد ایک بار پھر دنیا کے مختلف حصوں میں مکمل سورج گرہن کا دلکش نظارہ دیکھنے کو ملے گا، تاہم اس بار یہ فلکیاتی واقعہ کئی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس مرتبہ مکمل سورج گرہن کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ بعض علاقوں میں لوگ سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا نظارہ کر سکیں گے، جو ایک نہایت نایاب اور مسحور کن منظر ہوتا ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق 12 اگست کو ہونے والا مکمل سورج گرہن دنیا کے محدود علاقوں سے ہی نظر آئے گا۔ گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی حصے اور پرتگال کے ایک محدود علاقے کے رہائشی مکمل گرہن دیکھ سکیں گے۔

اسپین میں یہ منظر مزید منفرد ہوگا کیونکہ وہاں مکمل سورج گرہن سورج غروب ہونے کے وقت وقوع پذیر ہوگا، جس سے آسمان ایک یادگار منظر پیش کرے گا۔

اس کے علاوہ یورپ کے بیشتر ممالک اور شمالی افریقہ کے کئی علاقوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔

روس بھی ان منفرد ممالک میں شامل ہے جہاں گرہن مختلف اوقات میں نظر آئے گا۔ ملک کے غیر آباد علاقے Taymyr Peninsula میں جزوی گرہن کا آغاز سورج طلوع ہونے کے ساتھ ہوگا، جبکہ روس کے دوسرے سرے پر یہی جزوی گرہن سورج غروب ہونے کے وقت دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج غروب ہونے کے دوران گرہن کا مشاہدہ کئی برسوں بعد ممکن ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ 12 اگست کا سورج گرہن فلکیات کے شوقین افراد کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جبکہ یہ فلکیاتی منظر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔

Watch Live Public News