ویب ڈیسک: امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ اگست 2027 میں صدی میں ایک بار نظر آنے والا نہایت نایاب اور طویل سورج گرہن رونما ہوگا۔ یہ غیر معمولی فلکیاتی واقعہ 2 اگست 2027 کو پیر کے روز شام 10 بج کر 6 منٹ (UTC) پر شروع ہوگا۔
ناسا کے مطابق اس مکمل سورج گرہن کے دوران چاند کا سایہ شمالی افریقہ، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے متعدد خطوں پر پڑے گا۔ مکمل اندھیرا مراکش، الجزائر، تیونس، اسپین، سعودی عرب، یمن، صومالیہ سمیت بحرِ ہند اور بحرِ اوقیانوس کے کئی علاقوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق 2027 کا یہ گرہن 6 منٹ 23 سیکنڈ تک جاری رہے گا، جو اسے 1991 اور 2009 کے طویل ترین سورج گرہنوں کے بعد ایک تاریخی واقعہ بناتا ہے۔ ماہرینِ فلکیات نے اسے “صدی کا سورج گرہن” قرار دیا ہے۔
جب سورج، چاند اور زمین ایک ہی سیدھ میں آجاتے ہیں تو چاند سورج کی روشنی کچھ لمحوں کے لیے مکمل طور پر روک دیتا ہے، جس کے نتیجے میں سورج کا منظر چمکتے ہوئے ہیرے کی انگوٹی (Diamond Ring) جیسا دکھائی دیتا ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی جاتی ہے۔