2026 کا مہنگا ترین باز 13 لاکھ سعودی ریال میں فروخت

2026 کا مہنگا ترین باز 13 لاکھ سعودی ریال میں فروخت
کیپشن: 2026 کا مہنگا ترین باز 13 لاکھ سعودی ریال میں فروخت

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں جاری بین الاقوامی فالکن بریڈرز نیلامی میں کینیڈا میں پالا گیا ایک نایاب جیر فالکن 13 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 3 لاکھ 46 ہزار امریکی ڈالر) میں فروخت ہوگیا، جسے رواں سال نیلام ہونے والا اب تک کا مہنگا ترین باز قرار دیا جا رہا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملہم میں جاری بین الاقوامی فالکن بریڈرز نیلامی کے ساتویں روز نایاب باز کی بولی 2 لاکھ ریال سے شروع ہوئی، تاہم خریداروں کے درمیان سخت مقابلے کے بعد قیمت بڑھتے بڑھتے 13 لاکھ ریال تک پہنچ گئی۔

کینیڈا کے ایک فارم میں پرورش پانے والے دو باز اسی شام مجموعی طور پر 14 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوئے۔ ان میں سے ایک خالص جیر فالکن چوزہ 1 لاکھ 50 ہزار ریال میں نیلام ہوا۔

نایاب باز خریدنے والی سعودی کمپنی نووا فالکن کمپنی کے نمائندے شدید الراشدی نے نیلامی کے منتظمین کی جانب سے جاری ویڈیو میں کہا کہ یہ ایک نایاب پرندہ ہے اور نایاب پرندوں کی کوئی مقررہ قیمت نہیں ہوتی۔

گزشتہ برس اسی نیلامی میں سب سے مہنگا باز 12 لاکھ سعودی ریال میں فروخت ہوا تھا۔ رواں سال 13 لاکھ ریال میں ہونے والی فروخت کو خلیجی خطے میں اعلیٰ نسل کے نایاب بازوں کی بڑھتی ہوئی قدر اور مقبولیت کی ایک اور مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی فالکن بریڈرز نیلامی میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بریڈرز، خریدار اور فالکنری کے شوقین افراد شریک ہیں۔ ملہم میں جاری یہ نیلامی 25 اگست تک جاری رہے گی۔

Watch Live Public News