میٹل ڈیٹیکٹر نے ایک ہزار سال پرانا سونے کا ہار ڈھونڈ نکالا

 میٹل ڈیٹیکٹر نے ایک ہزار سال پرانا سونے کا ہار ڈھونڈ نکالا
کیپشن:  میٹل ڈیٹیکٹر نے ایک ہزار سال پرانا سونے کا ہار ڈھونڈ نکالا

ویب ڈیسک: خزانہ تلاش کرنے کا خواب تو بہت سے لوگ دیکھتے ہیں، لیکن برطانیہ میں ایک شخص نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے ایسا نادر خزانہ دریافت کرلیا جس نے سب کو حیران کردیا۔

نارتھمپٹن سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ نک بیری نے برطانیہ کے علاقے ہیمپشائر کے گاؤں ایشمینزورتھ (Ashmansworth) میں ایک زرعی زمین سے تقریباً ایک ہزار سال پرانا سونے کا ہار دریافت کیا۔

نک بیری کے مطابق وہ دو دیگر افراد کے ہمراہ میٹل ڈیٹیکٹر سے زمین میں چھپی اشیا تلاش کر رہے تھے کہ انہیں ایک مقام پر غیر معمولی سگنل ملا۔ کھدائی کرنے پر انہیں سونے کی جھلک دکھائی دی اور یوں یہ نادر نوادرات سامنے آگیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہار صدیوں تک زمین میں دفن رہنے کے باوجود تقریباً بہترین حالت میں محفوظ ہے۔ اسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئے کیونکہ 30 سال سے زائد عرصے تک میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے خزانے کی تلاش کے دوران انہوں نے پہلے کبھی ایسی چیز دریافت نہیں کی تھی۔

ماہرین کے ابتدائی اندازے کے مطابق یہ ہار نویں یا دسویں صدی عیسوی کا ہوسکتا ہے۔ جائے دریافت سے مزید کوئی نوادرات نہیں ملے، جس سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہار کا مالک اسے غلطی سے کھو بیٹھا تھا۔

برطانوی قوانین کے تحت اگر کسی میوزیم یا سرکاری ادارے نے یہ ہار خرید لیا تو نک بیری اور زمین کے مالک کو اس کی مالیت کے مطابق حصہ مل سکتا ہے۔

تاحال ہار کی حتمی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا، تاہم اندازہ ہے کہ اس کی مالیت لاکھوں پاؤنڈز تک ہوسکتی ہے۔

 

Watch Live Public News