(ویب ڈیسک) گوگل والٹ نے امریکا میں ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے والدین اب اپنے 18 سال سے کم عمر بچوں اور نوعمر افراد کے لیے گوگل والٹ میں ایک مخصوص بیلنس سیٹ کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کی مدد سے بچے اور ٹین ایجرز اپنے اینڈرائیڈ فون یاویئر او ایس( Wear OS) اسمارٹ واچ کے ذریعے گوگل پے (NFC )ٹیپ ٹو پے کے ذریعے آسانی سے ادائیگی کر سکیں گے۔ البتہ یہ سہولت صرف دکانوں پر ٹیپ کر کے ادائیگی کے لیے ہے، آن لائن خریداری اس کے ذریعے ممکن نہیں ہوگی۔
اس نئی سہولت کے بعد بچوں کے لیے الگ بینک کارڈ بنوانے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ تمام ادائیگیاں براہِ راست گوگل والٹ کے ذریعے کی جا سکیں گی۔
والدین گوگل فیملی لنک( Google Family Link) کے ذریعے اپنے بچوں کے بیلنس اور اخراجات پر مکمل نظر رکھ سکیں گے۔ وہ اپنے اکاؤنٹ سے براہِ راست رقم منتقل کر سکتے ہیں، جبکہ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی باقاعدہ خودکار (Automatic) ادائیگیوں کا شیڈول بنانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ والدین:
بچوں کے لیے خرچ کی حد مقرر کر سکیں گے۔
ہر خریداری کو ریئل ٹائم میں مانیٹر کر سکیں گے۔
ضرورت پڑنے پر بچوں کے بیلنس کو فوری طور پر لاک یا اَن لاک بھی کر سکیں گے۔
اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ بچے کی عمر 18 سال سے کم ہو، اس کا گوگل سپروائزڈ اکاؤنٹ( Supervised Google Account) موجود ہو، اور وہ گوگل فیملی گروپ ( Google Family Group) کا حصہ ہو۔
ابتدائی سیٹ اپ صرف فیملی مینیجر گوگل فیملی گروپ( Google Family Link) یا گوگل والٹ ( Google Wallet) کی ویب سائٹ کے ذریعے مکمل کر سکتا ہے، جبکہ بعد میں اگر خاندان میں دوسرا والدین بھی شامل ہو تو وہ بھی بچے کے بیلنس کا انتظام کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ بچے کے اینڈرائیڈ فون یا ویئر اوایس (Wear OS) اسمارٹ واچ میں گوگل والٹ( Google Wallet) ایپ کا انسٹال ہونا بھی لازمی ہے۔