رات کو ناشتہ، دن میں نیند؛ 106 سالہ شخص کا منفرد طرزِ زندگی توجہ کا مرکز بن گیا

رات کو ناشتہ، دن میں نیند؛ 106 سالہ شخص کا منفرد طرزِ زندگی توجہ کا مرکز بن گیا
کیپشن: رات کو ناشتہ، دن میں نیند؛ 106 سالہ شخص کا منفرد طرزِ زندگی توجہ کا مرکز بن گیا

ویب ڈیسک: چین کے 106 سالہ وانگ ڈیانگو اپنی غیر معمولی روزمرہ زندگی اور تقریباً 80 سالہ ازدواجی سفر کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

صوبہ ژجیانگ کے شہر روئی آن سے تعلق رکھنے والے وانگ آج بھی اپنے بیشتر کام خود کرتے ہیں۔ وہ شام 4 سے 5 بجے کے درمیان سوتے ہیں اور رات تقریباً ایک بجے بیدار ہوکر صبح 3 بجے ناشتہ کرتے ہیں، جس کے بعد چہل قدمی کے لیے نکل جاتے ہیں۔

وانگ کپڑے دھونے، نہانے اور سلائی سمیت کئی کام خود انجام دیتے ہیں، جبکہ ان کی خوراک سادہ ہے اور وہ زیادہ تر سمندری غذا پسند کرتے ہیں۔

اپنی لمبی عمر کا راز بتاتے ہوئے وانگ نے مثبت سوچ، مضبوط خاندانی تعلقات، کام کرنے اور نئی چیزیں سیکھنے کے شوق کو اہم قرار دیا۔

80 سالہ ازدواجی زندگی
وانگ ڈیانگو اور ان کی اہلیہ ہونگ ایلیان کی شادی تقریباً 80 سال تک قائم رہی۔ ان کا ایک بیٹا ہے اور خاندان کی چار نسلیں ایک ہی گھر میں رہتی ہیں۔

وانگ کے بیٹے کے مطابق ان کی والدہ جلد غصے میں آجاتی تھیں جبکہ والد پرسکون مزاج رکھتے تھے۔ والدہ کے غصے کی صورت میں وانگ بحث کے بجائے انہیں پانی کا گلاس پیش کرتے، جس سے اکثر معاملہ ٹھنڈا ہوجاتا تھا۔

اہلیہ کے انتقال کے بعد وانگ کچھ عرصے کے لیے لوگوں سے الگ تھلگ ہوگئے، تاہم بیٹے کی مدد سے انہوں نے دوبارہ معمول کی زندگی اختیار کرلی۔

Watch Live Public News