(ویب ڈیسک) دوسری جنگِ عظیم میں برطانیہ کی جانب سے لڑنے والے سابق برطانوی فوجی اوئن فائلر نے اپنی 107 ویں سالگرہ کے موقع پر طویل العمری اور صحت مند زندگی کا سادہ مگر حیران کن راز دنیا کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔
اوئن فائلر سال 1919ء میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 16 اکتوبر کو اپنی زندگی کی 107 ویں سالگرہ منائی۔وہ دوسری جنگِ عظیم کے معرکے میں برطانیہ کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اوئن فائلر نے بتایا کہ وہ روایتی برطانوی ڈش ’فش اینڈ چپس‘ کو جتنا دل چاہے شوق سے کھاتے ہیں، مگر ان کا اصول یہ ہے کہ وہ کبھی بھی حد سے زیادہ (Overeating) نہیں کھاتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ طویل زندگی کا کوئی چھپا ہوا پیچیدہ نسخہ نہیں ہے، بلکہ ان کی لمبی عمر کا اصل راز مثبت سوچ، سخت محنت اور اچھے طریقے سے زندگی بسر کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگ اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ اس عمر تک کیسے پہنچے، جس پر ان کا جواب یہی ہوتا ہے کہ انہوں نے پوری زندگی محنت سے کام کیا اور سکون کے ساتھ زندگی گزاری۔
107 سالہ اوئن فائلر 4 بچوں کے والد، 10 نواسے/پوتے پوتیوں کے نانا/دادا، اور 15 پڑپوتوں اور پڑنواسوں کے پردادا/پرنانا ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ وہ 107 سال کی عمر تک پہنچ سکیں گے کیونکہ بچپن کے دور میں غربت کی وجہ سے نہ تو مناسب کھانا میسر تھا اور نہ ہی پیسے، اور ان حالات میں بڑھاپے کا سوچنا بھی ناممکن تھا۔