ویب ڈیسک: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اسرائیل کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کی بحالی پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات جنوبی اسرائیل کے عوودہ ایئر بیس پر ہوئی، جہاں امریکی فضائیہ کے لڑاکا اور ایندھن بھرنے والے طیارے تعینات ہیں۔ پیٹ ہیگستھ نے اڈے پر موجود امریکی فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔
دوسری جانب نیتن یاہو نے فوجی اڈے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کسی بھی وقت اپنے دشمنوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کو آزمانے کی کوشش کرنے والوں کو پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔