واٹس ایپ کی چیٹ کے اندر ہی ویب لنکس کھولنے کیلئے’ان ایپ براؤزر‘ متعارف کرانے کی تیاری

واٹس ایپ کی چیٹ کے اندر ہی ویب لنکس کھولنے کیلئے’ان ایپ براؤزر‘ متعارف کرانے کی تیاری

(ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے ایپل کے آئی فون (iOS) صارفین کے لیے ایک انتہائی اہم اور کارآمد فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین ایپ سے باہر نکلے بغیر چیٹ ونڈو کے اندر ہی کسی بھی ویب سائٹ کا لنک کھول سکیں گے۔

واٹس ایپ اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetainfo  کے مطابق اس سے قبل بھی   واٹس ایپ نے مخصوص بزنس لنکس کے لیے محدود براؤزنگ کا فیچر ٹیسٹ کیا تھا، جس کے لیے ویب سائٹ کا محفوظ (HTTPS) ہونا ضروری تھا۔

تاہم آئی او ایس کے نئے بیٹا ورژن (26.41.10.72) میں واٹس ایپ نے اس پابندی کو مکمل ختم کرتے ہوئے عام چیٹس میں بھیجے جانے والے تمام لنکس کے لیے ان ایپ براؤزر تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

اب دوستوں یا گروپس میں موصول ہونے والے عام یا کاروباری ہر قسم کے لنک پر کلک کرنے سے وہ سفاری (Safari) یا گوگل کروم پر جانے کے بجائے واٹس ایپ کے اندر ہی کھل جائیں گے۔

فیچر کو آن یا آف کرنے کا آسان طریقہ:

صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر ’In-app browser‘ کے آپشن کو اپنی مرضی سے آن یا آف کر سکیں گے۔

پہلی بار آن کرنے پر ایپ ایک گائیڈ اسکرین دکھائے گی جس میں اس کے طریقہ کار کی وضاحت ہوگی۔

اگر کوئی صارف پرانے طریقے سے اپنے فون کے ڈیفالٹ براؤزر (مثلاً سفاری) میں لنک کھولنا چاہے، تو وہ مینو (تھری ڈاٹ) پر کلک کر کے کسی بھی وقت لنک ڈیفالٹ براؤزر میں منتقل کر سکتا ہے۔

واٹس ایپ اس ان ایپ براؤزر کے ساتھ ڈیٹا مینجمنٹ کی سیٹنگز بھی فراہم کرے گا، جہاں صارفین وزٹ کی گئی ویب سائٹس کی کوکیز اور کیشے (Cache) فائلز کو خود ڈیلیٹ کر سکیں گے۔

پرائیویسی کے حوالے سے واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ براؤزنگ سیشن چیٹ سے مکمل الگ رہے گا، واٹس ایپ یا ایپل یہ نہیں دیکھ سکتے کہ صارف کون سے لنکس کھول رہا ہے، اور براؤزنگ ڈیٹا سفاری کی طرح مقامی طور پر صرف صارف کی ڈیوائس پر ہی محفوظ رہے گا۔

یہ جدید فیچر فی الحال آئی او ایس (iOS) کے لیے تیاری کے ابتدائی مراحل (Under Development) میں ہے اور ابھی عام بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی جاری نہیں کیا گیا۔

جانچ کا عمل مکمل ہونے کے بعد واٹس ایپ اسے پہلے مخصوص بیٹا صارفین اور بعد ازاں تمام آئی فون صارفین کے لیے باضابطہ طور پر متعارف کرائے گا۔

Watch Live Public News