(ویب ڈیسک)میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے لوکیشن شیئرنگ کے نظام کو مزید آسان اور جدید بنانے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت جلد ہی صارفین کے لیے کسی سے لوکیشن مانگنے کا عمل ایک کلک کی دوری پر ہوگا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق عموماً کسی سے اس کی موجودہ جگہ دریافت کرنا اور لوکیشن منگوانا کافی الجھن کا باعث بنتا ہے، جہاں صارف کو چیٹ میں جا کر باقاعدہ لکھنا پڑتا ہے اور اگلے فرد کو لوکیشن مینیو اور پن ڈھونڈنا پڑتی ہے۔
صارفین کی اس دشواری کو دور کرنے کے لیے واٹس ایپ نے لوکیشن شیئرنگ مینیو کے اندر ہی " ریکویسٹ لوکیشن" (Request Location) کا نیا بٹن شامل کرنے پر کام شروع کیا ہے۔
یہ فیچر کام کیسے کرے گا؟
یہ نیا آپشن اسی اسکرین میں شامل ہوگا جہاں سے صارف اپنی 'لائیو لوکیشن' یا 'کرنٹ لوکیشن' شیئر کرتا ہے۔
پہلے صرف اپنی لوکیشن بھیجی جا سکتی تھی، مگر اب اس نئے بٹن پر کلک کرتے ہی چیٹ میں ایک پرکشش اور مخصوص ’لوکیشن ریکویسٹ کارڈ‘ بن کر دوسرے صارف کو چلا جائے گا۔
کارڈ موصول ہونے پر سامنے والا شخص اس پر کلک کر کے فوری فیصلہ کر سکے گا کہ اسے اپنی لائیو لوکیشن شیئر کرنی ہے یا کرنٹ لوکیشن۔
یہ فیچر ایپل کے آئی فونز میں موجود ’آئی میسج‘ کے لوکیشن سسٹم سے ملتا جلتا ہے، جہاں صارف ایک کلک سے لوکیشن مانگ سکتا ہے۔
یہ کارآمد فیچر فی الحال واٹس ایپ کے نئے بیٹا (Beta) ورژن میں آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے، اور جانچ مکمل ہونے کے بعد اسے جلد تمام اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے باضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔