(ویب ڈیسک) دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی پرائیویسی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ایک نیا سیکیورٹی فیچر ’ریسٹریکٹڈ چیٹ‘ (Restricted Chat) متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین کی مخصوص اور ذاتی گفتگو کو ان کے اکاؤنٹ سے منسلک دیگر ڈیوائسز (Linked Devices) پر دیکھنا ممکن نہیں رہے گا۔
یہ واٹس ایپ کی ایڈوانس چیٹ پرائیویسی کا ایک نیا سیکیورٹی ٹول ہے جو فی الحال اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے نئے بیٹا (Beta) ورژن میں پیش کیا گیا ہے۔
یہ ایک آپشنل فیچر ہے جو بائی ڈیفالٹ بند ہوتا ہے، صارفین کو اپنی ضرورت کے مطابق اسے خود فعال کرنا ہوگا۔یہ فیچر فی الوقت صرف انفرادی صارفین کے ساتھ ہونے والی چیٹس پر کام کرے گا، گروپ چیٹس کے لیے فی الحال یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔
جب کسی چیٹ کے لیے اس فیچر کو آن کیا جائے گا تو اس کا اطلاق گفتگو میں شامل دونوں افراد پر بیک وقت ہوگا۔ واٹس ایپ اس چیٹ کی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر میڈیا فائلز کو فون کی گیلری میں خودکار طریقے سے محفوظ نہیں کرے گا، اور نہ ہی دونوں میں سے کوئی صارف اس چیٹ کو ایکسپورٹ کر سکے گا۔
اس چیٹ کے اندر میٹا اے آئی (Meta AI) کے فیچرز غیر فعال ہو جائیں گے، جبکہ اس چیٹ کو بنیادی فون (Primary Device) کے علاوہ کسی بھی منسلک ڈیوائس (مثلاً واٹس ایپ ویب یا لیپ ٹاپ) پر اوپن یا دیکھا نہیں جا سکے گا۔
فیچر استعمال کرنے کا طریقہ کار:
1. اپنے فون میں واٹس ایپ اوپن کر کے وہ چیٹ کھولیں جسے آپ محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔
2. اوپر موجود صارف کے نام پر کلک کر کے ’ چیٹ انفو‘ (Chat Info) اسکرین میں جائیں۔
3. نیچے اسکرول کرنے پر ’ریسٹریکٹڈ چیٹ‘ (Restricted Chat) کا آپشن دکھائی دے گا۔
4. اس آپشن پر کلک کر کے اسے آن (Enable) کر دیں۔
یہ فیچر فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے، اس لیے تمام عام صارفین کے لیے اس کے باضابطہ اجرا کی حتمی تاریخ فی الوقت سامنے نہیں آئی ہے۔