ویب ڈیسک: میٹا نے انسٹاگرام صارفین کی حقیقی عمر کا اندازہ لگانے کے لیے مصنوعی ذہانت ( اے آئی) پر مبنی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کے مطابق نئی ٹیکنالوجی صارفین کی بتائی گئی عمر کے بجائے ان کی حقیقی عمر کا تخمینہ لگائے گی اور 18 سال سے کم عمر پائے جانے والے صارفین کو خودکار طور پر ٹین (Teen) اکاؤنٹس میں منتقل کر دے گی۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کم عمر صارفین کو نامناسب مواد سے محفوظ رکھنا اور عمر کے مطابق سوشل میڈیا کا محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ میٹا نے ٹین اکاؤنٹس کا آغاز ستمبر 2024 میں کیا تھا، جن میں 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے مختلف حفاظتی پابندیاں اور فیچرز شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو خصوصی ویڈیو کے ذریعے بچوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں اس ٹیکنالوجی کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔