ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے کالنگ کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے اب ایسے افراد بھی کال میں شامل ہو سکیں گے جن کا واٹس ایپ اکاؤنٹ نہیں ہے۔
واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ کے مطابق صارفین کال لنک بنا کر دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ لنک موصول کرنے والے افراد کمپیوٹر کے ویب براؤزر کے ذریعے کال میں شامل ہو سکیں گے۔
یہ سہولت انفرادی اور گروپ کالز کے لیے دستیاب ہوگی، جن میں بیک وقت 32 افراد شرکت کر سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق ان کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا، جبکہ اسکرین شیئرنگ اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ کالز مفت ہوں گی اور دورانیے کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
کال لنک کیسے بنائیں؟
صارفین واٹس ایپ کے کالز ٹیب میں جا کر پلس (+) کے آئیکون پر کلک کریں اور کال لنک بنائیں۔ اس کے بعد لنک مطلوبہ افراد کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے۔ لنک کے ذریعے شامل ہونے والے افراد اپنا نام درج کرکے میزبان کی اجازت سے کال میں شرکت کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ضروری ہے، تاہم لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والوں کے لیے اکاؤنٹ لازمی نہیں ہوگا۔
کمپنی کے مطابق مستقبل میں کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے پلگ انز متعارف کرانے کا بھی منصوبہ ہے، جس سے آن لائن میٹنگز شیڈول کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔