وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے ایک اور بڑا تحفہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے ایک اور بڑا تحفہ

(ویب ڈیسک ) پنجاب میں 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے تاریخی مذہبی ورثے کے تحفظ کے ویژن کے تحت گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی مکمل، سکھ برادری کے لیے کھول دیا گیا۔ 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کے منصوبے کے تحت نوشہرہ ورکاں میں گوردوارہ سری کھارا صاحب کا افتتاح کردیا گیا۔

نوشہرہ ورکاں کے تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب کو 80 سال بعد سکھ سنگت کی مذہبی عبادت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

 صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے گوردوارہ سری کھارا صاحب کا افتتاح کیا۔

گوردوارہ سری کھارا صاحب (بھائی کے مٹو) کا تعلق سکھوں کے چھٹے گرو، سری گرو ہرگوبند صاحب جی کی اس مقام پر آمد سے ہے۔

سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پرب کے موقع پر تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی کے بعد افتتاحی تقریب ہوئی ، پاکستان، بھارت، ملائیشیا اور دنیا کے مختلف ممالک سے سکھ یاتریوں  نے گوردوارہ سری کھارا صاحب   کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

 گوردوارے میں جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے ارداس کی۔ سری گرو گرنتھ صاحب کی موجودگی میں گربانی کیرتن اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ  تاریخی گوردوارے کی اصل طرزِ تعمیر اور مذہبی شناخت برقرار رکھتے ہوئے بحالی کا کام مکمل کیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تاریخی مذہبی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،  پاکستان سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ اور مقدس مقامات کی بحالی کے لیے پُرعزم ہے، گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال ہے۔

گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا کہ  پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، گوردوارہ سری کھارا صاحب کی 80 سال بعد بحالی پاکستان کے مثبت تشخص اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے احترام کا عملی اظہار ہے۔

Watch Live Public News