(ویب ڈیسک)دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ’ ٹریول ای سم‘کا نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی ٹیلی کام اسٹور یا تھرڈ پارٹی ویب سائٹ پر جائے بغیر براہِ راست واٹس ایپ کے اندر سے ہی اپنے سفر کے لیے انٹرنیٹ ڈیٹا پلان خرید اور انسٹال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ مختلف ممالک میں ڈیٹا پلانز فراہم کرنے کے لیے معروف عالمی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ کام کر رہا ہے، جن میں جیو (Jio)، اسمارٹ ایکسیاٹا (Smart Axiata)، اسمارٹ کمیونیکیشنز (Smart Communications)، ویرائزن (Verizon) اور ون گلوبل (1Global) شامل ہیں۔
اس سہولت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ٹریول ای سم انسٹال کرنے سے صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ یا فون نمبر تبدیل نہیں ہوتا، بلکہ صارف اپنے پرانے نمبر کے ساتھ ہی معمول کے مطابق واٹس ایپ استعمال کر سکتا ہے۔ مزید برآں، ایک بار ای سم انسٹال کرنے کے بعد ہر نئی منزل کے لیے اسی پر نیا پلان منتخب کیا جا سکتا ہے۔
اینڈرائیڈ پر ’ ٹریول ای سم‘ سیکشن تک رسائی کیسے حاصل کریں؟
صارفین واٹس ایپ کی اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر ٹریول ای سم کے آپشن کو کھولیں گے۔اس اسکرین پر صارفین سرچ بار میں اس ملک یا شہر کا نام درج کر سکتے ہیں جہاں وہ سفر کر رہے ہیں، جبکہ فہرست کو Popular، Countries، Regional اور Global کی کیٹیگریز کے ذریعے فلٹر کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
منزل کا انتخاب اور ڈیٹا پلانز :
مطلوبہ ملک منتخب کرنے کے بعد وہاں دستیاب ڈیٹا پلانز سامنے آ جائیں گے، جہاں صارفین ان لمیٹڈ ڈیٹا (Unlimited Data) اور فکسڈ ڈیٹا (Fixed Data) میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔
فکسڈ ڈیٹا پلان میں سفر کے دورانیے اور ضرورت کے مطابق مختلف ڈیٹا پیکجز دستیاب ہوں گے، جبکہ ان لمیٹڈ پلان میں مقررہ مدت کے دوران بغیر کسی حد کے ڈیٹا ملے گا۔ پسندیدہ پلان چننے کے بعد صارفین "Buy plan" پر ٹیپ کر کے آگے بڑھ سکیں گے۔
ای سم کو انسٹال اور ایکٹیویشن کا طریقہ:
"Buy plan" پر کلک کرنے کے بعد اسکرین پر منتخب کردہ پلان کی تفصیلات، منزل اور کل قیمت کا خلاصہ (Summary) نظر آئے گا۔
واٹس ایپ انسٹالیشن مکمل کرنے کے لیے Wi-Fi استعمال کرنے اور ایپ کو کھلا رکھنے کا مشورہ دیتا ہے۔ صارفین "Install eSIM" پر ٹیپ کریں گے اور چند ہی سیکنڈز میں ای سم انسٹال ہو جائے گی، جبکہ کسی مدد کی صورت میں نیچے دیے گئے "Get help" لنک سے رہنمائی لی جا سکے گی۔
کامیاب انسٹالیشن کے بعد اسکرین پر سبز رنگ کا ٹک مارک (Green Checkmark) ظاہر ہوگا۔ صارفین کو ای سم فوراً آن کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ واٹس ایپ تجویز کرتا ہے کہ اپنی منزل پر پہنچنے کے بعد ہی اس پلان کو ایکٹیویٹ کیا جائے۔
دستیابی :
واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر جلد ہی منتخب ممالک میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس (iPhone) دونوں صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کر دیا جائے گا، تاہم ابتدائی لانچ میں شامل ممالک کی مکمل فہرست فی الحال شیئر نہیں کی گئی۔