(ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ویڈیو تخلیق کاروں کے لیے ایک دلچسپ اور بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسمارٹ ٹی وی پر ویوز شمار کرنے کا طریقہ کار تبدیل کر دیا ہے اور ' کو ویوز' (Co-views) نامی نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
' کو ویوز' (Co-views) فیچر کیا ہے اور کیسے کام کرے گا؟
کمپنی کے مطابق اسمارٹ ٹی وی پر ایک ساتھ بیٹھ کر ویڈیو دیکھنے والے افراد کا اندازہ لگانے کا نیا طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔
یعنی اگر ایک ٹی وی اسکرین پر خاندان کے 2 یا اس سے زائد افراد مل کر کوئی یوٹیوب ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو یوٹیوب اب اسے محض ایک ویو شمار کرنے کے بجائے وہاں موجود لوگوں کی تعداد کے مطابق 2 یا 3 ویوز کاؤنٹ کرے گا۔
اس نئی تبدیلی کا اطلاق طویل ویڈیوز (Long-form videos)، یوٹیوب شارٹس اور لائیو اسٹریمنگ سمیت تمام فارمیٹس پر ہوگا۔
صارفین کی پرائیویسی محفوظ:
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ کمرے میں موجود افراد کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لیے ٹی وی کے کیمرے یا مائیکرو فون کا ہرگز استعمال نہیں کیا جائے گا، بلکہ اس مقصد کے لیے ایک جدید شماریاتی ماڈل (Statistical Model) استعمال کیا جائے گا جو ویڈیو دیکھنے کے اوقات اور دیگر ڈیٹا کی بنیاد پر ناظرین کی تعداد کا اندازہ لگائے گا۔
مونیٹائزیشن اور آمدنی پر کیا اثر پڑے گا؟
ٹی وی ویوز کی اس نئی تبدیلی کا باضابطہ اطلاق 16 نومبر سے ہو چکا ہے، تاہم یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ ' کو ویوز' کی وجہ سے بڑھنے والے ویوز سے کریئیٹرز کی اضافی آمدنی یا مونیٹائزیشن کی اہلیت پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اگست 2026 میں بھی یوٹیوب نے ویوز کاؤنٹ کے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ کسی بھی طویل ویڈیو کو جیسے ہی پلے کیا جائے گا اس کا ویو کاؤنٹ ہو جائے گا جبکہ شارٹس ویڈیوز کے لیے یہی اصول ایک سال قبل نافذ کیا گیا تھا۔