ویب ڈیسک: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی تہذیب اور تاریخی ورثے کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے، 2022 کے تباہ کن سیلاب اور شدید بارشوں نے تاریخی مقامات کو بھی نقصان پہنچایا۔
نئی دہلی میں ایس سی او سویلائزیشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں تقریباً 1700 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ سندھ کا بڑا حصہ زیرِ آب آگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اگست 2022 میں لاڑکانہ میں ریکارڈ بارشوں کے باعث ساڑھے 4 ہزار سال قدیم موہنجو دڑو کے آثارِ قدیمہ کی کئی دیواریں منہدم ہوگئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان وادی سندھ اور گندھارا جیسی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہا ہے، جبکہ گندھارا کا بدھ فنِ تعمیر شاہراہِ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تاریخی روابط شمال میں بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں اور ملک کا تاریخی ورثہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔