ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے لیے فعال سفارتی کردار جاری ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے معاشی اثرات پوری دنیا کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی عالمی معیشت کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد جدید امریکی اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گیا، افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پاکستان کے لیے ایک بڑا سکیورٹی چیلنج ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پاکستان امریکہ اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان عالمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے تعاون اور سفارت کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے، جبکہ پاکستان اور ترکیہ دفاعی تعلقات کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعاون کو بھی مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔