ویب ڈیسک: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ خطے کے مسائل ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کے بجائے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں موجود ہیں، جہاں وہ آج شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی فورم سے خطاب کریں گے۔
نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ممالک کے درمیان مکالمے اور مل بیٹھنے سے خطے میں بہتری کی امید پیدا ہوتی ہے۔ امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے جو بھی کوشش کرے گا، پاکستان اس کا ساتھ دے گا۔
بھارتی صحافی کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طریقہ کار ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد بار ایسا طریقہ کار تجویز کر چکا ہے۔ خطے کے مسائل الزام تراشی کے بجائے ٹھوس شواہد اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے حل کیے جانے چاہییں۔