(ویب ڈیسک) پی آئی اے کی تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کی خریداری کا منصوبہ، 50 نئے جہاز بیڑے میں شامل کرنے کی تیاری ہے۔
سی ای او ایڈرین ہملٹن مانز کا کہنا ہے کہ پی آئی اے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد نئے طیاروں کا آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
سی ای او نے اعلان کیا کہ پی آئی اے کی 75 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کی خریداری کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے مجوزہ آرڈر میں 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے شامل ہوں گے۔نئے طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں نمایاں اضافہ ہوگا۔نئے طیاروں کے ذریعے پرانے بوئنگ 777 طیاروں کو جدید اور ایندھن کی بچت کرنے والے جہازوں سے تبدیل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جدید ٹیکنالوجی اور آرام دہ کیبن کی سہولیات سے آراستہ طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرے گا۔نئے طیارے براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے حاصل کئے جائیں گے۔نئے طیاروں کی ضروریات کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرنگ شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔نئے طیاروں کے آپریشن کے لئے انجینئرز اور فضائی عملے کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سی ای او ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا کہ پی آئی اے یورپ اور برطانیہ کے لئے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔شمالی امریکہ کے روٹس پر براہ راست پروازیں شروع کرنے میں بھی پی آئی اے کی گہری دلچسپی ہے۔چین اور مشرق بعید کے متعدد نئے مقامات کے لئے بھی پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے ایک وسیع اور معیاری فضائی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنا چاہتا ہے۔