(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اور سینئر اداکار سلیم شیخ لاہور میں اپنی بیٹی سلینا سلیم کی رخصتی کے موقع پر انتہائی جذباتی ہو گئے اور آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی رخصتی کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلیم شیخ اپنی بیٹی کو رخصت کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔
گاڑی میں بیٹھنے سے قبل بیٹی سلینا نے اپنے والد کو گلے لگایا اور الوداع کہا، جس نے تقریب میں موجود ہر شخص کو جذباتی کر دیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے اور جذباتی ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں متعدد مداح والد کی محبت اور آنسو دیکھ کر خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔
شیخ خاندان میں گزشتہ چند روز سے سلینا سلیم کی شادی کی خوشیاں منائی جا رہی تھیں۔
شادی کی تقریبات کے سلسلے میں پہلے شیندی کی رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی اور اس کے بعد رخصتی عمل میں آئی، دونوں تقریبات کی دلکش تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش ہیں۔
سلیم شیخ پاکستانی ٹیلی ویژن کے منجھے ہوئے اور سینئر اداکار ہیں، جنہوں نے ’پڑوسی‘، ’سنہرے دن‘، ’فیری ٹیل‘، ’کلو‘، ’راہیں‘ اور ’دکھ سکھ‘ سمیت بے شمار یادگار ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
وہ لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کے چھوٹے بھائی اور سینئر اداکار بہروز سبزواری کے برادرِ نسبتی ہیں۔ سلیم شیخ کی اہلیہ کا نام نوشین ہے اور ان کی تین بیٹیاں انامتا، نشمیا اور سلینا ہیں۔