(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران اور امریکا کو 47سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لایاگیا،اسلا م آباد میں ایران اور امریکا کومذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی کامیابی تھی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا ء سے خطاب کیا۔وزیراعظم نے ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار اور امن کوششوں کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن کیلئے انتھک کوششیں کیں، ایران اور امریکا کو 47سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لایاگیا، اسلا م آباد میں ایران اور امریکا کومذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی کامیابی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ، پاکستان خطے میں امن کی بحالی کیلئے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، ایران ہماراہمسایہ اوربرادرملک، امریکا اورخلیجی ممالک کیساتھ بھی بہترین تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ سال اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کئے،ورواں سال پاکستان ،ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا، سعودی عرب کےساتھ پاکستان کے تاریخی تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں خصوصاًسیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی ،مالی سال 26-2025میں اصلاحات کےنفاذسےریکارڈ 900 ارب روپے وصول کیے گئے،ٹیکس چوری اورکرپشن سے900ارب روپےوصول کرنا بڑی کامیابی ہے، ڈھائی سال میں ایف بی آرکی طویل عرصے سےزیرالتوا اصلاحات آگے بڑھائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عزت و وقار کی زندگی کیلئے مسلسل محنت، امانت اور دیانت ضروری ہے،رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا، اب وقت ہے کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، تین سال پہلے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب تھیں،شعبہ زراعت کوپاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے لیے چیلنج بھی اور بڑا موقع بھی ہیں، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار فراہم کرنا ہے، آئندہ چند برس میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے،نوجوانوں کوہنرمند بنا کر تمام وسائل ان کے قدموں میں نچھاور کرنا ہونگے،آئی ٹی، اے آئی، ووکیشنل اور اسکل ٹریننگ نوجوانوں کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کیلئے کوشاں ہے،نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکتا،قوموں کی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں،ہماری 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،ہمیں اپنی تمام توانائیاں یکجا کرکے نوجوان نسل کو باصلاحیت بنانا ہے۔