(ویب ڈیسک) کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے ایک نوجوان کو تیسرے روز (54 گھنٹے بعد) زندہ نکال لیا گیا ہے، جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے تیسرے روز ایک شخص کو زندہ نکالا گیا، جس کی شناخت عادل ولد شفیع کے نام سے ہوئی ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے ماربل کا کام کرتا ہے۔
ریسکیو نے مزید بتایا کہ عمارت کے ملبے سے اب تک 8 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم ملبے تلے اب بھی 10 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ملبے تلے سے زندہ نکلنے والے نوجوان عادل ولد شفیع کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انچارج شعبہ ایمرجنسی کے مطابق اسے فوری طور پر ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
شعبہ ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم سانس کی روانی مکمل بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم نوجوان کی طبیعت اب پہلے سے کافی بہتر ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اظہارِ تشکر :
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثے میں ملبے تلے دبے نوجوان کے زندہ بچ جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ 54 گھنٹے بعد انسانی جان کا محفوظ رہنا اللہ تعالیٰ کا خاص کرم اور معجزہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو اہلکاروں کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کمشنر کراچی و ریسکیو اداروں کو ہدایت کی کہ باقی افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور جدید مشینری بروئے کار لاتے ہوئے امدادی آپریشن مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے متاثرہ نوجوان کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دینے کے ساتھ ساتھ عمارت گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا اور واضح کیا کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔