(ویب ڈیسک )چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے ایک چڑیا گھر میں موجود 19 سالہ موٹا تیندوا ' پان باؤباؤ' (Pan Baobao)، جو اپنی گول مٹول جسامت کے باعث انٹرنیشنل سوشل میڈیا پر 'باڈی پازیٹیویٹی' کا علامتی ہیرو بن چکا ہے، اب بڑھتی عمر کے باعث وزن کم کرنے کے پروگرام سے باضابطہ طور پر فارغ کر دیا گیا ہے۔
جنوبی مغربی چین کے پانژیہوا چڑیا گھر (Panzhihua Zoo) میں موجود پان باؤباؤ گزشتہ کئی برسوں سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جسے 2024ء میں غیر معمولی پیٹ کم کرنے کے لیے سخت ڈائٹ پلان پر رکھا گیا تھا۔
تاہم ماہرین سے مشاورت کے بعد چڑیا گھر انتظامیہ نے اس کی کیلوریز کم کرنے والی ڈائٹ ختم کر دی ہے اور اسے چلنے پھرنے اور جسم پھیلانے کے لیے ایک وسیع انکلوژر منتقل کر دیا ہے۔
چڑیا گھر کے ترجمان ژانگ سونگ وین (Zhang Songwen) کے مطابق تیندوے کی خوراک پر قابو نہ پانے کی بات درست نہیں، بلکہ اب وہ بوڑھا ہو چکا ہے اور اس عمر میں اس کا وزن کم نہیں ہونا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ جانور بھی انسانوں کی طرح ہوتے ہیں اور بڑھاپے میں ان کی جلد ڈھیلی پڑ جاتی ہے، اس لیے اس مرحلے پر سب سے اہم چیز ان کی موجودہ حالت برقرار رکھنا اور صحت کو یقینی بنانا ہے۔
متوازن غذائیت کی فراہمی کے لیے 19 سالہ پان باؤباؤ کو روزانہ ایک پاؤنڈ سے زائد گائے کا گوشت (Beef) اور چکن کھلایا جا رہا ہے۔
' زوٹوپیا' کے کردار سے مشابہت:
پان باؤباؤ اپنی گول مٹول جسامت اور ڈزنی کی مشہور اینیمیٹڈ فلم ' زوٹوپیا' (Zootopia) کے کردار ' آفیسر کلاؤہاؤزر' (Officer Clawhauser) سے حیرت انگیز مشابہت کے باعث انٹرنیٹ پر بے حد مقبول ہے۔
اگرچہ چڑیا گھر آنے والے بعض سیاحوں کا کہنا ہے کہ تیندوے کی کمر مزید پھیل رہی ہے، تاہم انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس کے وزن میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی اور حال ہی میں ویٹرنری ڈاکٹر نے اسے مکمل صحت مند قرار دیا ہے۔
ماضی میں ناقدین نے چڑیا گھر پر تنقید کی تھی کہ وہ مشہور دریائی گھوڑے 'مو ڈینگ' (Moo Deng) کی طرز پر سوشل میڈیا سنسنی پیدا کرنے کے لیے جانوروں کو جان بوجھ کر موٹا کر رہے ہیں، تاہم عملے کا کہنا ہے کہ اب ان کی واحد ترجیح 19 سالہ تیندوے کو دبلا کرنا نہیں بلکہ آرام دہ، متحرک اور صحت مند رکھنا ہے۔