مولانا طاہر اشرفی کا مظفرآباد میں جامعہ دارالعلوم اسلامیہ کا دورہ، قومی اتحاد اور مذہبی رواداری پر زور

 مولانا طاہر اشرفی کا مظفرآباد میں جامعہ دارالعلوم اسلامیہ کا دورہ، قومی اتحاد اور مذہبی رواداری پر زور
کیپشن:  مولانا طاہر اشرفی کا مظفرآباد میں جامعہ دارالعلوم اسلامیہ کا دورہ، قومی اتحاد اور مذہبی رواداری پر زور

ویب ڈیسک: چیئرمین قومی پیغامِ امن کمیٹی پاکستان مولانا محمد طاہر محمود اشرفی کی سربراہی میں کمیٹی کے وفد نے مظفرآباد میں جامعہ دارالعلوم اسلامیہ کا دورہ کیا، جہاں جامعہ کے منتظمین نے وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اور بقا قومی اتحاد و یکجہتی میں مضمر ہے۔ مسلح افواج اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی سازشیں ملک دشمن عناصر کا ایجنڈا ہیں، جنہیں اتحاد، شعور اور قومی یکجہتی سے ناکام بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نفرت کے بجائے محبت، فرقہ واریت اور تکفیر کے بجائے احترام، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اسلام دینِ امن ہے اور دہشت گردی، بدامنی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام نے میدانِ جہاد میں بھی انسانی جانوں، دیگر مخلوقات اور ماحول کے احترام کی تعلیم دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی آزاد کشمیر کے علمائے کرام کے ساتھ مل کر اسلام، پاکستان، کشمیر اور فلسطین کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کا احترام اور پاکستان کی وحدت و سلامتی کے لیے صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہوگا۔

 

Watch Live Public News