ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 سیزن کے لیے خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، جس میں 8 کھلاڑیوں کو تین مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کو عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں کیٹیگری اے میں ترقی دے دی گئی ہے۔
منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین کیٹیگری بی میں برقرار ہیں، جبکہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور صدف شمس کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی، فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی کیٹیگریز کا تعین کیا گیا ہے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک مؤثر رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں 20 خواتین کرکٹرز کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے تھے، تاہم نئے سیزن میں کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے کم کرکے 8 اور کیٹیگریز کی تعداد پانچ سے کم کرکے تین کردی گئی ہے۔