(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاو ل بھٹو کا کہنا ہے کہ سسٹم کا ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں، مزدروں اور محنت کشوں کو محنت کا صلہ نہیں دیاجا رہا، سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے کام کریں، ہمیں اس سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں۔ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو سسٹم کی بحالی سے متعلق بحث کرنی چاہیے، پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہی ہونے ہیں، جو فیصلے پارلیمان کے باہر طے ہوتے ہیں وہ حتمی نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان ایک معاشی آفت سے گزر رہا ہے، جس معاشی بحران کا آج سامنا ہے زندگی میں ایسے حالات نہیں دیکھے، سیاست دان کا کام عوام سے سچ بولنا ہوتا ہے، سیاست دان زمینی حقائق بتائے۔ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو جلد اقدامات کرنا ہوں گے، ان حالات میں ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے، ملک میں ری سیٹ کی بحث میں نے شروع نہیں کی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے تو کیوں ہے، سسٹم کولیپس کیسے ہوا، خودبخود ہوا یا سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا؟ جب تک یہ طے نہیں کر سکتے کہ سسٹم کولیپس کیوں ہوا، اسے بحال نہیں کیا جا سکتا، 1973 کا آئین خود بخود کولیپس نہیں ہوا کروایا گیا ہے،1973 کے آئین کو بار بار کولیپس کروایا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جو طاقت 18 ویں ترمیم میں ہے وہ کسی اور ترمیم میں نہیں، ملک کو اگر مشکلات سے نکال سکتے ہیں تو وہ 1973 کا آئین ہے، پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی، جو فیصلہ پنجاب اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا، جو فیصلہ سندھ اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ بھی کھڑا ہوں گا، تمام صوبوں کیلئے پیپلزپارٹی کی ایک رائے ہے، پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ ن کی حکومت میں منظور ہوئی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرار داد متعدد بار مسترد کی، اس سے نہ ریفرنڈم کی ضرورت ہوگی نہ کوئی متنازع اقدام کی ضرورت ہوگی، میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، میں نے پنجاب کے چار ٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔
انہوں نے کہا کہ ہم میں سچ سننے اور اختلاف رائے برداشت کرنے کی ہمت ہونی چاہیے، میری پریس کانفرنس کے بعد جو ردعمل آیا وہ مناسب نہیں تھا، اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش کروانا ممکن نہیں، سندھ کی سیاست میں پیپلز پارٹی کوروکنے کیلئے نفرت کا بیچ بویا گیا، میں خبردار نہیں کررہا تھا، صرف خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا، قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اس دن ایم کیو ایم نے جلسے کا فیصلہ کیا، اب وہ دوسرا جلسہ تب رکھ رہے ہیں جب سندھ میں کلچر ڈے ہے، لگتا ہے جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔