چلتی موٹر سائیکل پر ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر دنیا کو حیران کرنے والا نوجوان سامنے آگیا

چلتی موٹر سائیکل پر ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر دنیا کو حیران کرنے والا نوجوان سامنے آگیا

(ویب ڈیسک) سوات کے شہر مینگورہ میں جاری سوات پریمیئر لیگ (Swat Premier League) کے میچ کے دوران چلتی موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھ کر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ پکڑنے والے نوجوان کی شناخت سامنے آ گئی ہے، جس کی ویڈیو نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے  سے گفتگو کرتے ہوئے سوات کے علاقے مرغزار کے رہائشی مہران خان نے اس حیرت انگیز کیچ، وائرل ویڈیو اور انعام ملنے کی دلچسپ تفصیلات بیان کیں۔

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرنے والے مہران خان ڈیوٹی کے بعد اپنے دوست کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہے تھے کہ گراؤنڈ سے باہر آتی ہوئی گیند کو ایک ہاتھ سے دبوچ کر سب کو حیران کر دیا۔

مہران خان نے بتایا کہ وہ خود کرکٹ کے شوقین ہیں اور کھیلتے بھی ہیں؛ جب وہ اسٹیڈیم کے پاس سے گزر رہے تھے تو انہوں نے دیکھا کہ کریز پر ابرار لالہ بیٹنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے زوردار چھکا مارا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے موٹر سائیکل چلانے والے اپنے دوست سے کہا کہ سر نیچے جھکا لو، میں کیچ پکڑنے لگا ہوں، اور پھر میں نے گیند پکڑ لی۔ میں نے کوشش ضرور کی تھی لیکن مجھے امید نہیں تھی کہ واقعی کیچ ہو جائے گا، مجھے لگا تھا کہ گیند آس پاس کہیں گرے گی مگر اللہ کے فضل سے کیچ پکڑ لیا۔"

10 ہزار روپے کا انعام :

مہران خان کے مطابق کیچ پکڑنے کے فوراً بعد سوات پریمیئر لیگ کے منتظمین نے پاک فوج کے تعاون سے ان کے لیے 10 ہزار پاکستانی روپے انعام کا اعلان کیا۔

راتوں رات ویڈیو وائرل ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں خود بھی اندازہ نہیں تھا کہ ویڈیو اتنی تیزی سے دنیا بھر میں پھیل جائے گی۔

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے مہران خان نے واضح کیا کہ  "لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں گیند اپنے ساتھ لے جا رہا تھا، لیکن یہ سچ نہیں ہے، میں نے کیچ پکڑنے کے بعد گیند واپس کر دی تھی۔"

یاد رہے کہ اس میچ میں سوات اسٹرائیکرز نے جی کے آر دیر کو 34 رنز سے شکست دی، جبکہ مہران خان نے اس ٹورنامنٹ کو بہترین مقابلہ قرار دیتے ہوئے منتظمین سے اسے ہر سال منعقد کرنے کی اپیل کی۔

کرکٹ کی تاریخ کے چند دیگر یادگار تماشائی کیچز:

مہران خان کا یہ کیچ کرکٹ کی تاریخ کے انوکھے ترین کیچز کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے، جس میں ماضی کے چند مشہور واقعات بھی شامل ہیں:

1987 (آسٹریلیا): ایک میچ کے دوران انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر ایئن بوتھم کے چھکے کو ایک کیمرہ مین نے منہ میں سگریٹ دبائے انتہائی اطمینان سے کیچ کر لیا تھا۔

2014 (نیوزی لینڈ): نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک میچ میں ایک تماشائی نے ڈھلوان پر پھسلتے ہوئے ایک ہاتھ سے شاندار کیچ مکمل کیا تھا۔

گزشتہ برس (آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ): ایک شائق نے ایک ہاتھ میں مشروب کے دو کین پکڑے ہونے کے باوجود دوسرے ہاتھ سے گیند کو کیچ کر لیا تھا۔

Watch Live Public News