امریکی دوستی کا بھارتی بھرم پاش پاش، ٹرمپ نے مودی کو ٹیرف کا الٹی میٹم تھما دیا

امریکی دوستی کا بھارتی بھرم پاش پاش، ٹرمپ نے مودی کو ٹیرف کا الٹی میٹم تھما دیا

(ویب ڈیسک) بلومبرگ رپورٹ کے مطابق امریکہ نے بھارتی مصنوعات پر 17 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو تجارتی معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں 25 فیصد کر دیا جائے گا۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فیصلے کے بعد بھارتی برآمد کنندگان اور سرمایہ کار تجارتی مستقبل کے حوالے سے شدید غیر یقینی کا شکار ہیں۔

  امریکہ نے مودی سرکار کو واضح پیغام دے دیا کہ امریکی شرائط پر معاہدہ کرو یا بھاری ٹیرف ادا کرو۔

ٹرمپ سے ذاتی دوستی کے دعویدار مودی کو ترجیحی تجارتی معاہدے کے بجائے دھمکیاں اور ڈیڈ لائنز ملیں۔ اگست 2025 میں امریکہ نے بھارتی مصنوعات پر مجموعی طور پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا، بھارت آج بھی دباؤ میں مذاکرات پر مجبور ہے۔

دو دہائیوں تک فطری اتحادی ہونے کا دعویٰ کرنے والا بھارت آج اپنی مصنوعات بیچنے کے لیے دھمکیوں میں مذاکرات کر رہا ہے۔  کواڈ میں شمولیت اور امریکی اسلحے کی خریداری کے باوجود بھارت کو امریکہ ایک سزا کے قابل تجارتی شراکت دار سمجھتا ہے۔

چین کا مقابلہ کرنے کا دعویدار بھارت امریکہ سے ایک منصفانہ تجارتی معاہدہ بھی حاصل نہ کر سکا۔ایک سال سے زائد عرصے سے بھارتی برآمد کنندگان امریکی منڈی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔

برسوں کی سفارتی خوشامد کے باوجود بھارت کے پاس امریکہ کے سامنے کوئی سودے بازی کی طاقت نہیں۔ بھارت کو عالمی معاشی طاقت بنانے کا دعویدار مودی اب اپنی ہی برآمدات کو 25 فیصد سزا سے بچانے کے لیے دباؤ میں مذاکرات کر رہا ہے۔

Watch Live Public News