ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت آئندہ 5 سال میں صوبے بھر میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔
ملتان میں اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے پونے 2 سال کے دوران ڈھائی لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کی جاچکی ہے، جن میں ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل ہوچکے ہیں اور خاندانوں نے رہائش بھی اختیار کرلی ہے، جبکہ تقریباً 70 ہزار گھروں پر کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف نے انہیں 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف دیا تھا، تاہم اب پنجاب میں کم از کم 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملتان اسٹیڈیم میں آج 25 ہزار خاندانوں کی کامیابی کا جشن منایا جا رہا ہے، جو پہلے کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے اور اب اپنے گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج وہ عوام سے کوئی نیا وعدہ کرنے نہیں بلکہ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا پیغام دینے آئی ہیں۔ تقریب میں ایسی مائیں بھی موجود ہیں جنہوں نے برسوں دوسروں کی چھت تلے زندگی گزاری، لیکن اب وہ اپنے گھر کی مالک ہیں۔